وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسرائیل غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہا ہے‘ وزیر خارجہ

اسلام آباد (عکس آن لائن ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دورہ ترکی میں فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت‘ سے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانے کے خلاف دنیا کی جانب سے ایک آواز بنانے کی راہ ہموار کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی‘ اسرائیل غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہا ہے‘ ہمیں مل کر معاملے کو جنگ بندی کی طرف پہنچانا ہے‘ پاکستان بیس مئی کو جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینیوں کی آواز بلند کریگا۔

منگل کو وزیر خارجہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جو بمباری ہورہی ہے اس میں پچیس فیصد بچے شہید ہوئے ہیں اور معصوم بچے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں فلسطین میں نہ بجلی ہے نہ گیس ہے اور نہ ہی پانی مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فوج کی جانب سے غزہ میں کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھی نشانہ بنایا گیا وزیر خارجہ نے کہا کہ بیس مئی کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس ہورہا ہے اس میں ضروری ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی طرف مائل کیا جائے اور انسانی بنیادوں پر پوری دنیا میں اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق کے لئے احتجاج کی کال دی جائے۔ اسرائیلی فوج فلسطین میں خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کی ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں نے قرارداد کی بھرپور حمایت کی لیکن قومی اسمبلی اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوںکے سینئر قائدین کو موجود ہونا چاہئے تھا ۔ وزیر خارجہ نے بلاول زرداری کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے حق میں قرارداد کے موقع پر بلاول زرداری بھی ایوان میں موجود ہوتے تو اچھا ہوتا ذوالفقار علی بھٹو کا مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اہم کردار تھا لیکن آج سیاسی لیڈر شپ میں کوئی جذباتی لگاﺅ نظر نہیں آتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں