ڈاکٹر ثانیہ نشتر

احساس راشن پروگرام کے ذریعے ایک خاندان کو 2ہزار روپے کی سبسڈی دی جائیگی’ چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر

لاہو ر( نمائندہ عکس) چیئر پرسن احساس راشن پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور چیف سیکریٹری عبداللہ خان سنبل کی سربراہی میں پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کا اجلاس ہوا۔ احساس راشن پروگرام پر عملدرآمد کے لئے ڈپٹی کمشنرز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مینجمنٹ بھی کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھانے میں ضلعی انتظامیہ مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں آٹھ ملین مستحق افراد مستفید ہو سکیں گے۔ احساس راشن پروگرام کے ذریعے ایک خاندان کو دو ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ احساس راشن پروگرام کے ذریعے آٹا دال گھی اور تیل چالیس فیصد رعایت پر دستیاب ہوں گے۔

اس پروگرام کو بینک آف پنجاب اور نیشنل بینک آف پاکستان کے تعاون سے چلایا جائے گا۔چیف سیکریٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ ہر یونین کونسل اور مین بازار میں راشن رعایت پروگرام میں دکانوں کو رجسٹر کریں اور اس کے لئے انجمن تاجران کے ساتھ میٹنگز کریں اور دکانوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ دوکانداروں کو ایپ کے فوائد اور اسکے شفافیت کے معیار کے حوالے سے بھرپور معلومات فراہم کریں اور پبلک انٹرسٹ کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ دکانیں راشن رعائیت میں رجسٹر کریں۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے زور دیا کہ کریانہ سٹور مالکان بھی مستحق افراد کی مدد کرتے ہیں اس لئے وہ بہتر طور پر مستحق افراد کو جانتے ہیں۔ انہوں نے تمام کریانہ دوکانداروں سے اپیل کی کہ وہ مستحق افراد کی رجسٹریشن میں مدد کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں