گیس صارفین

آل پاکستان انجمن تاجران کا کمرشل گیس صارفین کو نوٹسز جاری کئے جانے پر اظہار تشویش

لاہور (عکس آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران نے کمرشل گیس صارفین کو نوٹسز جاری کئے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری ریاست کے ساتھ مکمل تعاون کو تیار ہے لیکن وزارت پٹرولیم یک طرفہ فیصلے کرنے سے گریز کرے۔ انجمن تاجران کی سپریم کونسل کے چیئرمین نعیم میر نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی قلت قومی مسئلہ ہے ، حکومت تاجر برادری کو اعتماد میں لے۔ یوکرائن اور رشیا کی جنگ نے عالمی منڈی میں گیس کی قیمت آسمانوں پر پہنچا دی ہے ،عالمی تناظر میں تاجر برادری ریاست کے ساتھ مکمل تعاون کو تیار ہے لیکن وزارت پٹرولیم یک طرفہ فیصلے کرنے سے گریز کرے،مسلط کئے گئے فیصلوں کی حمایت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آر ایل این جی کی مجوزہ قیمت ہماری پہنچ سے باہر ہے ، ریسٹورنٹ ، ہوٹل ، بیکریاں ، پینٹس و کاٹیج انڈسٹری شدید متاثر ہوگی۔ مہنگائی کی ایک نئی لہر جنم لے گی جو موجودہ سیاسی حالات میں حکومت کے لئے بہت نقصان دہ ہوگا۔ نعیم میر نے کہا کہ وزارت پٹرولیم تاجر نمائندوں کے ساتھ فوری مذاکراتی عمل کا آغاز کرے۔ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے تاجر بھی بہک جائیں اور عمرانی فتنہ گری کا حصہ بن جائیں۔ وزیراعظم شہبازشریف فوری نوٹس لیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں