وزیراعظم سردار تنویر الیاس

آزاد کشمیر میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی زیر قیادت قائم حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب

اسلام آباد(نمائندہ عکس ) نامساعد حالات ، محدود وسائل ، اندرونی و بیرونی سازشو ں اور معاشی بدحالی کے باوجود آزاد کشمیر میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی زیر قیادت قائم حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب، تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا بجٹ انتخابی منشور کا عکاس ، بنیادی مسائل کے حل ، تعلیم ، صحت اور روزگار کی فراہمی کے منصوبوں کو فوقیت ، سیاحت کے لیے مناسب ماحول پیدا کرنے کی حکمت عملی ۔

وزیراعظم سردار تنویر الیاس کے ویژن کے مطابق ان کی سیاسی ٹیم نے آزاد کشمیر میں روایات سے ہٹ کر اعداد و شمار اور لفاظی کی بجائے حقائق پر مبنی متوازن بجٹ پیش کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ سردار تنویر الیاس کی زیر قیادت قائم آزاد کشمیر حکومت خطہ کے اندر کچھ کر گزرنے کی صلاحیت سے مالامال ہے ۔ آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ پر گزشتہ سال کے لیے مختص فنڈز مکمل طور پر جاری نہیں ہوئے جس سے جاری ترقیاتی عمل کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ ہے تاہم آزاد کشمیر حکومت نے وفاقی حکومت پر انحصار کی بجائے آزاد کشمیر کے اندر سے مالی وسائل پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ، آزاد کشمیر سے مقامی محصولات کا ہدف 34 ارب سے بڑھا کر 37 ارب کیا گیا ہے اسی طرح دیگر شعبوں میں بھی آمدن کے اہداف میں خاطر خواہ اضافہ کر کے آزاد کشمیر کے ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ کو متوازن بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔

تعلیم کے شعبہ میں پرائمری سطح پر کتابوں کی مفت فراہمی کا آغاز حکومت آزاد کشمیر کی تعلیم دوستی کا ثبوت ہے اسی طرح تعلیمی اداروں میں بنیادی ضروریات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے معقول رقم مختص کی گئی ہے ۔صحت کے شعبہ میں نئے ہسپتالوں کے قیام کی بجائے موجود ہسپتالوں میں افرادی قوت کی کمی ، ادویات کی فراہمی اور جدید مشینری کی فراہمی کو یقینی بنا کر آزاد کشمیر میں ہر طرح کے علاج ممکن بنانے کی کوشش تحریک انصاف کی حکومت کی بہترین کاوش ہے ۔ پیش کردہ بجٹ مختلف حوالوں سے منفرد بھی ہے اور نئے انداز فکر کا حامل بھی ، کیونکہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس روایتی انداز فکر کی بجائے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ عملی اقدام پر یقین رکھتے ہیں جو بنیادی مسائل کے حل کا باعث ثابت ہو سکتے ہیں ۔

وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور ان کی سیاسی ٹیم نے پہلے بجٹ کی تدوین و تشکیل میں ان باتوں کا بنیادی طور پر خیال رکھا ہے جن کا وہ وقتا فوقتا اظہار کرتے رہتے ہیں اور خصوصا انتخابی مہم کے دوران مختلف اجتماعات میں عوام کے ساتھ وعدے کیے جاتے رہے ہیں انہیں بجٹ کا حصہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق غیر فعال محکمہ جات اور غیر منافع بخش سرکاری اداروں کو فعال کرنے کی حکمت عملی اختیار کی گئی ہے توقع ہے کہ آزاد کشمیر کا نیا بجٹ ترقیاتی و غیر ترقیاتی اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے گا کیونکہ اس بجٹ میں کسی بھی مقامی حکومت نے پہلی بار بیرونی انحصار کی بجائے مقامی وسائل بڑھانے کی عملی کوشش کی ہے ، طے شدہ مالی اہداف حاصل ہونے کی صورت میں آزاد کشمیر معاشی طور پر خودانحصاری کی طرف گامزن ہو گا جو کہ آنے والے وقت میں آزاد کشمیر کی معیشت کی بہتری کے لیے نیک شگون ہے ۔

اگرچہ تمام ترقیاتی بجٹ وفاقی حکومت فراہم کرتی ہے اور اس بجٹ کا دیانتداری کے ساتھ مثبت انداز میں مقامی ضروریات کے مطابق استعمال عوام کے بہترین مفاد میں ثابت ہو سکتا ہے ۔ آزاد کشمیر کے سیاسی تجزیہ نگاروں اور معاشی ماہرین کے مطابق موجودہ حالات میں پیش کیا گیا بجٹ ہر لحاظ سے متوازن اور عوامی خواہشات کا عکاس ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں